پاکستان کے صدر مملکت آصف علی زرداری نے پارلیمانی سال کے آغاز پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب میں کہا ہے کہ کچھ یک طرفہ پالیسیاں وفاق پر شدید دباؤ کا باعث بن رہی ہیں، بطور صدر دریائے سندھ سے مزید نہریں نکالنے کے یک طرفہ حکومتی فیصلے کی حمایت نہیں کرسکتا۔
صدر آصف زرداری نے ارکان پارلیمنٹ کو قومی مفاد کو بالاتر رکھنے اور ذاتی و سیاسی اختلافات پشت ڈال کر معیشت کی بحالی، جمہوریت کے استحکام اور قانون کی حکمرانی کے لیے مل کر کام کرنے کی دعوت دے دی۔
صدر مملکت آصف زرداری نے اپوزیشن کے شور و شرابے کے دوران پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کیا جائے تاکہ وفاق کی اکائیوں کے درمیان متفقہ اتفاق رائے کی بنیاد پر قابل عمل، پائیدار حل نکالا جاسکے۔
صدر نے زور دیا کہ ایوانِ پارلیمنٹ کو سونپی گئی ذمہ داری کو پورا کرے، قوم کی تعمیر، اداروں کو مضبوط کرنے، گورننس کو بہتر بنانے میں کردار ادا کرے۔
صدر آصف زرداری نے کہا کہ ’آئیے قومی مفاد کو مقدم رکھیں اور ذاتی وسیاسی اختلافات کو ایک طرف کرکے معیشت کی بحالی، جمہوریت کے استحکام اور قانون کی حکمرانی کے لیے مل کر کام کریں‘۔
صدر مملکت آصف زرداری نے کہا کہ ایوان سے بطور سویلین صدر 8 ویں بار خطاب کرنا میرا واحد اعزاز ہے، یہ لمحہ ہمارے جمہوری سفر کے تسلسل کا عکاس ہے، نیا پارلیمانی سال اپنی پیشرفت کا جائزہ لینے اور پاکستان کے بہتر مستقبل کی تعمیر کے عزم کا اعادہ کرنے کا موقع ہے۔
صدر نے کہا کہ’یہ لمحہ نہ صرف ہماری جمہوری سفر کی تسلسل کی نشاندہی کرتا ہے بلکہ ہمیں اپنی ترقی کا جائزہ لینے اور پاکستان کے لئے ایک بہتر مستقبل کی تعمیر کے عزم کی تجدید کا موقع بھی فراہم کرتا ہے’۔
اپوزیشن ارکان کے احتجاج کے دوران صدر زرداری نے مزید کہا کہ ’میں معاشی ترقی کے ذریعے ملک کو مثبت سمت پر ڈالنے کی حکومتی کوششوں کو سراہنا چاہتا ہوں، ہمارے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا ہے، براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے اور اسٹاک مارکیٹ بھی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے‘۔
چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) اور گوادر پورٹ کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ دونوں منصوبے پاکستان کے رابطے کے وژن کا مرکز ہیں۔
ان منصوبوں کو مکمل طور پر عملی جامہ پہنانے کی ضرورت ہے تاکہ پاکستان وسطی ایشیا، جنوبی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کو جوڑنے والے بین الاقوامی تجارت کے گیٹ وے کے طور پر کام کر سکے۔