بھارت کی انسداد دہشت گردی ایجنسی نے سکھ علیحدگی پسند رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کیخلاف مقدمہ درج کرلیا، جنہوں نے ائر انڈیا کو دنیا میں کہیں بھی پروازیں نہ چلانے دینے کی دھمکی دی تھی اور مسافروں کو ان کی زندگیوں کو خطرے سے خبردار کیا تھا۔
بھارت کی قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے پیر کو ایک بیان میں کہا کہ سکھس فار جسٹس (ایس ایف جے) کے جنرل کاؤنسل کے طور پر کام کرنے والے گرپتونت سنگھ پنون کی دھمکیوں کے بعد سیکورٹی فورسز چوکس ہیں۔پنون کے خلاف غیر قانونی سرگرمی (روک تھام) ایکٹ 1967 کی مختلف دفعات اور تعزیرات ہند کی دفعات کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔
پنون نے دھمکی دی تھی کہ ائر انڈیا کو دنیا میں کہیں کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ 4 نومبر کو جاری کیے گئے اپنے ویڈیو پیغامات میں انہوں نے سکھوں پر زور دیا تھا کہ وہ اتوار سے ائر انڈیا کی پروازوں میں سفر نہ کریں۔
بھارت نے 2019 میں ایس ایف جے کو ’غیر قانونی تنظیم‘ قرار دیتے ہوئے پابندی عائد کی تھی اور 2020 میں پنون کو ’انفرادی دہشت گرد‘ قرار دیا تھا۔
ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ امریکا میں رہنے والے پنوں کے پاس امریکا اور کینیڈا کی دوہری شہریت ہے۔ ایس ایف جے کے دفاتر برطانیہ، کینیڈا اور امریکہ میں ہیں