اسرائیلی وزیراعظم کی جانب سے وزیردفاع یواف گیلانٹ کو برطرف کیے جانے کیخلاف اسرائیل کے مختلف شہروں میں مظاہرے پھوٹ پڑے۔
اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب، نہاریہ، حیفا اور مقبوضہ بیت المقدس سمیت مختلف شہروں میں ہزاروں افراد کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق مظاہرین نے اسرائیلی وزیراعظم کیخلاف سخت نعریبازی کی، ہزاروں مظاہرین نے سڑکیں بلاک کرکے جلاؤ گھیراؤ بھی کیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ انہیں خطرہ ایران یا حزب اللہ سے نہیں بلکہ اپنی حکومت سے ہے۔
اسرائیلی پولیس نے احتجاج کے دوران مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے واٹر کینن کا استعمال کیا جبکہ 40 اسرائیلیوں کو گرفتار بھی کرلیا۔
اسرائیلی اپوزیشن نے نیتن یاہو کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نیتن یاہو نے گیلنٹ کو برطرف کرکے ملکی سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔
یروشلم میں منعقدہ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں حزب اختلاف کے رہنماؤں نے نیتن یاہو پر الزام لگایا کہ انہوں نے یوآو گیلنٹ کو برطرف کرنے کا فیصلہ کرکے اپنے سیاسی مفادات کو ملکی مفادات سے بالاتر رکھا ہے۔