حماس رہنما اسماعیل ہنیہ کی ہلاکت پر اسرائیل اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر امریکہ اور برطانیہ نے اپنے شہریوں کو فوری طور پر لبنان چھوڑنے کی ہدایت کر دی۔
ایران کے جوابی حملے کے خدشے کے پیش نظر امریکہ، جرمنی، اٹلی اور بھارت سمیت متعدد ممالک کی ائیر لائنز نے اسرائیل کے لیے اپنی پروازیں معطل کر دی تھیں
اب امریکہ نے اپنے شہریوں کو موجودہ کشیدہ صورتحال میں فوری طور پر لبنان چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔
بیروت میں واقع امریکی سفارتخانے نے اپنے شہریوں سے کہا ہے کہ پہلے دستیاب ٹکٹ پر لبنان کو چھوڑ دیا جائے
برطانیہ کے سیکرٹری خارجہ ڈیوڈ لامے کی جانب سے بھی ایسی ہی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ خطے کی صورتحال بہت تیزی سے خراب ہو سکتی ہے۔
اردن اور کینیڈا کی جانب سے بھی اپنے شہریوں کو لبنان فوری چھوڑنے اور اس طرف سفر نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب سوئٹزرلینڈ اور سوئیڈن نے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں اپنا اپنا سفارتخانہ بھی بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
سوئیڈش وزارت خارجہ نے بیروت میں موجود سفارتی عملے کو قبرص جانے کی ہدایت کردی۔
سوئس ریڈیو سے گفتگو میں سوئیڈش وزیرخارجہ کا کہناتھاکہ لبنان میں موجود سوئیڈش شہری جتناجلد ممکن ہو وہاں سے نکل جائیں۔
انہوں نے کہا کہ سفارتخانہ بند کرنے کا فیصلہ ابتدائی طورپر اگست کے مہینے کیلئے کیا گیا ہے، سفارتخانے کی بندش میں سکیورٹی کی صورتحال کے پیش نظر توسیع ہوسکتی ہے۔