حماس رہنما اُسامہ حمدان کا کہنا ہے کہ اسرائیل غزہ میں مکمل جنگ بندی نہیں چاہتا۔
غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے لیے اسرائیلی تجاویز پر حماس رہنما اُسامہ حمدان کا کہنا ہے کہ اسرائیلی تجاویز میں دو اہم مسائل پر مسلسل اصرار کیا جارہا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اسرائیل غزہ میں مکمل جنگ بندی نہیں چاہتا اور غزہ سے انخلا کے بارے میں سنجیدگی سے بات نہیں کر رہا، اسرائیل غزہ پر تسلط برقرار رکھنا چاہتا ہے۔
اسامہ حمدان نے کہا کہ ثالث کاروں سے ہمارے سنجیدہ سوالات ہیں جن کا مثبت جواب ملا تو آگے بڑھ سکتے ہیں۔
اسامہ حمدان نے امریکی وزیر خارجہ کے بیان پر کہا کہ فلسطینیوں کے خلاف حملے روکنا فراخ دلی نہیں ہے، حملے بذات خود ایک جرم ہیں اور جرم کرنا بند کیا جائے تو اسے اسرائیل کی فراخ دلی نہیں کہا جاسکتا۔
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے ریاض میں عالمی اقتصادی فورم کے مباحثے میں کہا تھا کہ اسرائیل نے حماس کو بےحد غیرمعمولی اور فراخدلانہ تجاویز دی ہیں۔