ایران کی وزارت خارجہ نے اتوار کے روز برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے سفیروں کو طلب کرکے ان سے اسرائیل پر ایران کے جوابی حملوں کے بارے میں دیئے گئے ردعمل پر وضاحت مانگی ہے۔
ایران نے اسرائیل پر حملوں کے حوالے سے دیے گئے ان ممالک کے ردعمل کو ’غیر ذمہ دارانہ مؤقف‘ قرار دیا ہے۔
ان تین یورپی ممالک نے اسرائیل کے خلاف ایران کے ڈرون اور میزائل حملے کی مذمت کی تھی۔
ایران کی وزارت خارجہ میں مغربی یورپ کے ڈائریکٹر نے تینوں ممالک پر ’دوہرے معیار‘ کا الزام لگایا کیونکہ انہوں نے رواں ماہ کے آغاز میں سلامتی کونسل میں روس کی پیش کردہ قرار داد کے مسودے کی مخالفت کی تھی۔ اس قرار داد میں شام میں ایرانی سفارت خانے کے احاطے میں اسرائیل کے حملے کی مذمت کی گئی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’اسرائیلی حکومت کے ٹھکانوں کے خلاف ایران کی فوجی کارروائی اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 میں بیان کردہ جائز دفاع کے حق کے فریم ورک کے تحت کی گئی اور یہ شام میں سفارت خانے پر حالیہ حملے سمیت کئی جرائم کا جواب ہے‘۔