اسرائیل کی فوج نے غزہ کے جنوب میں واقع خان یونس سمیت ایک بڑے علاقے سے فلسطینیوں کے انخلا کے احکامات جاری کیے ہیں۔
اسرائیل کی فوج کے حکم نامے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حماس کے عسکریت پسندوں کے ایک بار پھر منظم ہونے کی اطلاعات پر غزہ کے دوسرے علاقوں کی طرح خان یونس میں بھی کارروائی کی جائے گی۔
اسرائیل نے خان یونس سمیت دیگر علاقوں کے لوگوں کو ساحل کے ساتھ واقع المواصی نامی علاقے میں منتقل ہونے کا حکم دیا ہے۔
المواصی کو اسرائیلی فوج سیف زون قرار دے رہی ہے۔
سیف زون کا علاقہ اسرائیل میں کریم شالوم کراسنگ کے قریب واقع ہے۔ اس کراسنگ پوائنٹ سے غزہ میں امدادی سامان بھیجا جاتا رہا ہے۔
رواں برس کے آغاز میں اسرائیلی فوج نے خان یونس میں کئی ماہ تک کارروائی جاری رکھی تھی۔ بعد ازاں افواج کو علاقے سے نکالتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ حماس کے ٹھکانوں کو تباہ اور جنگجوؤں کا خاتمہ کر دیا گیا ہے۔
اسرائیل اور حماس کا حالیہ تنازع سات اکتوبر کو حماس کے اسرائیل پر حملے کے بعد شروع ہوا تھا جس میں 1200 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اسرائیل کی جوابی کارروائیوں میں حماس کے زیرِ انتظام غزہ کے محکمۂ صحت کے مطابق اب تک 37 ہزار سے زائد فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔