امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے بدھ کو کہا کہ صدر جو بائیڈن نے اسرائیل کو بھاری ہتھیاروں کی فراہمی عارضی طور پر روکنے کا فیصلہ اس لیے کیا ہے کہ واشنگٹن کا خیال ہے کہ غزہ کے شہر رفح میں اسرائیل کے کسی ممکنہ حملے سے شہریوں کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
آسٹن نے مزید کہا کہ انتظامیہ اسرائیل کے لیے سیکیورٹی سے متعلق کچھ جلد ہونے والی ترسیل کا بھی جائزہ لے رہی تھی۔
آسٹن بائیڈن انتظامیہ کے پہلے سینئر عہدہ دار ہیں جنہوں نے اسرائیل کو اسلحہ دینے سے متعلق امریکی پالیسی میں کسی ممکنہ تبدیلی کی عوامی طور پر وضاحت کی ہے۔
سینیٹ کی ایک سماعت کے دوران آسٹن نے زور دیا کہ امریکہ اسرائیل کے دفاع کے لیے آہنی عزم رکھتا ہے اور اسلحہ کی ترسیل معطل کرنے کا فیصلہ حتمی نہیں ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ امریکہ اس کو ترجیح دیتا ہے کہ “رفح میں کوئی بڑی لڑائی نہ ہو” اور یہ کہ کم از کم کسی بھی اسرائیلی کارروائی میں شہریوں کی جانوں کا تحفظ ضروری ہے۔”
آسٹن نے سینیٹ کی سماعت کے دوران کہا کہ “ہم شروع سے ہی اس بارے میں بہت واضح رہے ہیں کہ اسرائیل کو رفح میں جنگی زون میں موجود شہریوں کے تحفظ کے بغیر، وہاں کوئی بڑا حملہ نہیں کرنا چاہیے۔ “