اسرائیل کی لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر حملے کی دھمکی کے بعد امریکہ، اٹلی اور جرمنی نے اپنے شہریوں کو لبنان چھوڑنے جب کہ برطانیہ، فرانس اور دیگر ممالک نے سفری انتباہ جاری کیا۔
اسرائیلی فوج نے لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر بمباری کے لیے تیاری مکمل کرلی جس کے بعد لفتھانسا، ایئر فرانس، ٹرانساویا اور آسٹرین ایئر لائنز نے بیروت جانے والی پروازیں معطل کر دیں۔
دوسری جانب امریکہ، اٹلی اور جرمنی نے لبنان میں موجود اپنے شہریوں کو فوری طور پر واپس آنے یا کسی دوسرے محفوظ ملک جانے کی ہدایت کی ہے۔
خیال رہے کہ برطانیہ اور فرانس سمیت کئی ممالک پہلے ہی لبنان کے لیے ٹرویل ایڈوائزری جاری کر چکے ہیں۔
حزب اللہ نے اسرائیلی الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان حملوں میں ہمارے جنگجو ملوث نہیں۔ عوامی مقامات پر حملے نہیں کرتے۔
تاہم اسرائیل اور امریکہ کا کہنا ہے کہ ان کے پاس ان حملوں میں حزب اللہ کے ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔
واضح راہے کہ گولان کی پہاڑیوں کے علاقے مجدال شمس کے دروز قصبے پر راکٹس حملے میں 12 اسرائیلی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے جس کا الزام حزب اللہ پر عائد کرتے ہوئے اسرائیل نے لبنان میں حملے کی دھمکی دی ہے۔