پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں بدھ کی شام اچانک سے ہونے والی شدید ژالہ باری اور تیز بارش نے ہر سو پلچل مچادی۔
بڑے سائز کے اولوں سے کئی گاڑیوں کو نقصان ہہنچا ہے۔
اس کے علاوہ بعض سڑکوں پر ٹریفک میں خلل آنے کی اطلاعات بھی ہیں۔
دارالحکومت میں تمام دن معمول کی گرمی پڑ رہی تھی کہ اچانک بادلوں نے سورج کو اپنے حصار میں لے لیا اور دیکھتے ہی دیکھتے بارش کے ساتھ شدید ژالہ باری شروع ہو گئی۔۔۔
ژالہ باری بھی ایسی کہ اسلام آباد میں رہنے والوں کا ماننا ہے کہ ’اتنے بڑے بڑے اولے تو ہم نے زندگی میں نہیں دیکھے۔‘
چند منٹوں میں ہی اسلام آباد نے جیسے سفید چادر اوڑھ لی ہو۔
شدید ژالہ باری کے باعث گاڑیوں اور کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ بارش کے ساتھ طوفانی ہواؤں کی وجہ سے کئی درخت بھی جڑوں سے اکھڑ گئے۔
اسلام آباد سمیت صوبہ خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں بھی بارش کے ساتھ شدید ژالہ باری ہوئی ہے۔
ضلع خیبر کے علاقے لنڈی کوتل میں تیز بارش کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی اور پانی میں متعدد گاڑیاں بہہ گئی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند روز میں مزید بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے، شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔