اسموگ کے باعث صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے 10 اضلاع میں آج سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا۔
صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نےکا کہنا ہے کہ لاہور، ننکانہ، شیخوپورہ، قصور، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد اور منڈی بہاؤالدین میں لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق 10 اضلاع میں ہفتے کے روز نقل و حرکت محدود ہوگی، تمام سرکاری اور نجی اسکول، کالجز اور یونیورسٹیز بند رہیں گی جبکہ بازار، دکانیں، جم، سینما گھر اور دفاتر 3 بجے کے بعد کھولے جا سکیں گے۔
دوسری جانب چند دن قبل ہونے والی بارش کے بعد سے لاہور کی فضائی آلودگی میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، صوبائی دارالحکومت کو دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار دیا گیا جہاں گزشتہ صبح 7 بجے پارٹیکولیٹ میٹرز کی تعداد 374 ریکارڈ کی گئی ہے۔