ہالی وڈ کے اسکرین رائٹرز کا موشن پکچرز اور ٹی وی پروڈیوسرز کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے بعد رائٹرز گلڈ آف امریکہ نے لگ بھگ پانچ ماہ سے جاری ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ڈیل کو تسلیم کرنے یا نہ کرنے کا حتمی فیصلہ گلڈ ممبران ووٹنگ کے ذریعے کریں گے۔اس سلسلے میں رائٹرز گلڈ آف امریکہ کے ساڑھے 11 ہزار ممبران کے پاس نو اکتوبر تک کا وقت ہے۔
رائٹرز گلڈ آف امریکہ اور الائنس آف موشن مکچرز اینڈ ٹی وی پروڈیوسرز کے درمیان ہونے والے اس معاہدے کے تحت آئندہ تین برس تک رائٹرز کو بہتر تنخواہ و مراعات کے ساتھ ساتھ مصنوعی ذہانت یعنی آرٹیفیشل انٹیلی جینس کے خلاف تحفظ فراہم کیا جائے گا۔
ڈبلیو جی اے کے مطابق اس ڈیل کی ویلیو 233 ملین ڈالرز سالانہ ہے جو تاریخ کی سب سے مہنگی ڈیل سمجھی جا رہی ہے۔ ڈیل کے تحت رائٹرز ,پروڈکشن کا حصہ ہوں گے اور انہیں صحت کی سہولیات کے ساتھ ساتھ بہتر پینشن بھی ملے گی۔
دونوں پارٹیوں کے درمیان طے پانے والے معاملات کے تحت اسٹوڈیوز اور رائٹرز گلڈ کے منتخب ممبران سال میں دو بار آرٹیفیشل انٹیلی جینس کو فلم میں استعمال کرنے کے حوالے سے ملاقات بھی کریں گے۔