افغانستان کرکٹ ٹیم کے لیگ سپنر اور سابق کپتان راشد خان شادی کے بندھن میں بندھ گئے ہیں
راشد خان کی شادی کی تقریب افغانستان کے شہر کابل میں 3 اکتوبر کو منعقد ہوئی جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔
کرکٹر کی شادی افغان روایات کے مطابق ہوئی جس میں محمد نبی سمیت افغان کرکٹ ٹیم کے دیگر کھلاڑی، دوست اور رشتہ داروں نے شرکت کی۔
افغانستان کی مشہور شخصیات اور عالمی کرکٹرز کی جانب سے راشد خان کو مبارکباد دی گئی ہے۔
افغانستان کے کپتان محمد نبی بھی راشد خان کو ان کی زندگی کے نئے دور کے آغاز پر مبارکباد دینے والوں میں شامل تھے۔
محمد نبی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ میں لکھا ’ایک اور واحد کنگ خان، راشد خان کو شادی پر مبارکباد۔ میں آپ کے لیے محبت، خوشی اور کامیابی سے بھرپور زندگی کی خواہش کرتا ہوں۔
افغان کرکٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے راشد خان کی شادی کی تقریب کے لیے مختص شادی ہال کی تصاویر بھی شیئر کی گئیں۔
راشد خان بطور کرکٹر اپنی ناقابل یقین اور غیر معمولی مہارت کے لیے جانے جاتے ہیں۔ انہوں نے عالمی سطح پر بہترین ٹی20 بولر کے طور پر شہرت حاصل کی۔
ان کے پاس ٹی20 کرکٹ میں تیز ترین 50 اور 100 وکٹیں حاصل کرنے والے بولر ہونے سمیت متعدد ریکارڈز ہیں۔
راشد ماضی میں آئی سی سی کی ٹی20 رینکنگز میں نمبر 1 بولر بھی رہ چکے ہیں۔ انہوں نے افغانستان کو عالمی کرکٹ میں ترقی دلانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔