پاکستانی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے انڈیا کے خلاف آپریشن ’بنیان مرصوص‘ کے حوالے سے کہا ہے کہ پاکستانی افواج نے قوم سے کیا گیا وعدہ پورا کیا۔
اتوار کو پاکستان ایئر فورس اور نیوی کے سینیئر افسران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے آپریشن ’بنیان مرصوص‘ کی کارروائی اور نتائج سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’آپریشن ’بنیان مرصوص‘ انڈیا کی بزدلانہ جارحیت کے جواب میں کیا گیا۔ یہ حملے چھ اور سات مئی کی درمیانی شب کو شروع ہوئے جن کے نتیجے میں معصوم شہری، جن میں خواتین، بچے اور بزرگ شامل تھے، شہید ہوئے۔ پاکستان نے انڈین جارحیت اور ہمارے شہریوں کے بہیمانہ قتل کے جواب میں انصاف اور انتقام کا وعدہ کیا تھا۔ پاکستان کی مسلح افواج نے یہ وعدہ پورا کیا۔‘
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹینیٹ جنرل احمد شریف نے پریس کانفرنس کے دوران دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان نے دو مقامات پر انڈیا کے ایس 400 بیٹری سسٹم کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے انڈیا پر حملے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا جواب ایک نصابی نمونہ تھا جس میں تینوں افواج کی مکمل ہم آہنگی کے ساتھ حقیقی وقت میں صورت حال کی آگاہی، نیٹ ورک سینٹرک وار فیئر اور ملٹی ڈومین آپریشنز کی مکمل صلاحیت بروئے کار لائی گئی۔
’زمین، فضا، سمندر اور سائبر سپیس میں مکمل ہم آہنگی سے ہداف کو تباہ کیا گیا۔ پاکستان کے ایف-1 اور ایف-2 دور مار کرنے والے میزائل، پاک فضائیہ کے ہدف پر درست نشانہ لگانے والے جدید اسلحے، طویل فاصلے تک مار کرنے والے لاٹرنگ ایمونیوشن اور جدید آرٹلری کے ذریعے انڈیا کے 26 اہم فوجی ہداف کو نشانہ بنایا گیا۔‘
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹینیٹ جنرل احمد شریف نے پریس کانفرنس میں انڈیا میں پاکستانی فوج کے جوابی حملے سے متعلق اپنے دعوے میں کہا کہ ’پاکستان نے کامیابی کے ساتھ اڑی نیٹ ورکس سسٹم اور اور پونچھ ریڈارز کو نشانہ بنایا ہے۔‘