احتساب عدالت نے القادر ٹرسٹ سے متعلق 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد کر دی۔
راولپنڈی کی احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت کی، بشریٰ بی بی کو بنی گالا سب جیل سے اڈیالہ جیل میں بنی عدالت میں پیش کیا گیا۔
سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے بیرسٹر سلمان صفدر، عمیر نیازی اور دیگر وکلا عدالت میں پیش ہوئے جبکہ نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی اپنی ٹیم کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔
جج ناصر جاوید رانا نے عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر فردِ جرم عائد کی، احتساب عدالت کے جج نے کمرۂ عدالت میں ملزمان کی موجودگی میں فردِ جرم پڑھ کر سنائی۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر استغاثہ کے 5 گواہان کو طلب کرتے ہوئے مزید سماعت 6 مارچ تک ملتوی کر دی۔