اکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہمیں کوئی دیوار سے نہیں لگا رہا، الیکشن شیڈول آنے کے بعد ہی انتخابی اتحاد کی بات کی جا سکتی ہے۔
اوکاڑہ میں میڈیا سے گفتگو میں بلاول کا کہنا تھاکہ صرف ایک جماعت پارلیمنٹ، اقوام متحدہ اور عالمی مالیاتی فنڈ میں حقیقی نمائندگی کر سکتی ہے، پیپلز پارٹی نے ماضی میں بھی معاشی بحران کو سمجھا اور ماضی میں ایک سال کے اندر معاشی بحران کا خاتمہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے درخواست ہے کہ الیکشن کی تاریخ کا اعلان کریں، الیکشن شیڈول آنے کے بعد ہی انتخابی اتحاد کی بات کی جا سکتی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ نواز شریف کی واپسی پیپلز پارٹی کا پرانامطالبہ ہے، ہمیں کوئی دیوار سے نہیں لگا رہا، آصف زرداری لیول پلیئنگ فیلڈ پر کام کریں گے۔
ان کا کہنا تھاکہ ن لیگ کو راجہ ریاض اور راجہ ریاض کو ن لیگ مبارک ہو۔
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ معاشی پروگرام میں اشرافیہ کو سبسڈی دینے کے بجائے عوام کو فائدہ پہنچائیں، کھاد بنانے والے فیکٹریوں کو سبسڈی دینے کے بجائے چھوٹے کسان کو فائدہ پہنچائیں، پیپلزپارٹی کا اپنا مکان منصوبہ مکمل ہونے کے بعد 20 لاکھ افراد کو گھر ملیں گے، میں ماڈرن پاکستان بنانا چاہتا ہوں۔