نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ الیکشن چیئرمین پی ٹی آئی یا جیل کاٹنے والے سیکڑوں کارکنوں کے بغیر بھی ہوسکتے ہیں۔
امریکی خبر رساں ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جیل کاٹنے والے پی ٹی آئی ارکان توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تھے، پی ٹی آئی میں شامل ہزاروں افراد جو غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث نہیں ہیں وہ الیکشن میں حصہ لے سکیں گے۔
انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ میں چیئرمین پی ٹی آئی سمیت کسی سیاست دان سے ذاتی انتقام پر عمل پیرا نہیں، اگر کوئی قانون شکنی پر گرفت میں آیا ہے تو قانون کی بالادستی یقینی بنائیں گے، انتخابات فوج یا نگران حکومت نے نہیں الیکشن کمیشن نے کرانے ہیں۔
نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امید ہے عام انتخابات نئے سال میں ہوں گے، پی ٹی آئی کو جیتنے سے روکنے کے لئے انتخابات میں فوج کی جانب سے دھاندلی کی بات بیہودہ ہے،
انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ الیکشن کی تاریخ کا اعلان ہوتے ہی وفاقی حکومت ہر طرح کا تعاون کرے گی، عدلیہ کے فیصلوں میں کسی قسم کی مداخلت نہیں کروں گا، عدلیہ کو کسی بھی سیاسی مقصد کے لئے استعمال نہیں ہونا چاہئے۔
نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فوج سے قریبی تعلق کی بات سیاست کا حصہ ہے، اس پر توجہ نہیں دیتا، فوج اور وفاقی حکومت کے درمیان تعلق بہت ہموار، کھلا اور شفاف ہے