پاکستان کے بارہویں اور ملکی تاریخ کے سب سے بڑے عام انتخابات کیلئے پولنگ جاری ہے
پاکستان میں قومی اسمبلی کی 266 میں سے 265 نشستوں اور صوبائی اسمبلیوں کی 574 نشستوں پر صبح آٹھ بجے سے شام پانچ بجے تک بغیر کسی تعطل کے ووٹنگ کا عمل جاری رہے گا۔
عام انتخابات کے دوران قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقوں کیلئے 882 خواتین اور 4 خواجہ سراؤں سمیت ملک کی تاریخ میں سب سے زیادہ امیدوار حصہ لے رہے ہیں جن کی تعداد 17 ہزار 816 بنتی ہے۔
عام انتخابات کیلئے جاری پولنگ کے دوران ملک بھر میں 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار 760 ووٹرز آج اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔
ووٹ ڈالنے کیلئے ووٹرز کو اصل شناختی کارڈ دکھانا لازم ہے، قومی اسمبلی کیلئے سبز اور صوبائی اسمبلی کیلئے سفید بیلٹ پیپر ہوگا۔
پولنگ اسٹیشنز پر سکیورٹی کے خاص انتظامات کئے گئے ہیں، امن و امان کیلئے پولیس، رینجرز اور پاک فوج کے دستے تعینات ہیں
پولنگ کا عمل شروع ہونے سے قبل ہی ملک بھر میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس معطل کردی گئی۔
ترجمان وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں موبائل فون سروس عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، امن و امان قائم رکھنے اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے حفاظتی اقدامات ضروری ہیں۔
انٹرنیٹ پر نظر رکھنے والی بین الاقوامی تنظیم ‘نیٹ بلاکس’ نے ایک پوسٹ میں بتایا کہ اعداد و شمار سے واضح ہو رہا ہے کہ پاکستان میں موبائل انٹرنیٹ شدید متاثر ہوا ہے۔
⚠ Confirmed: Live network data show a disruption to mobile internet in #Pakistan with high impact to second-largest operator Zong, corroborating widespread user reports of outages; the incident comes as polls open on election day 📵 #PakistanElection2024 pic.twitter.com/XWIyU1BKvO
— NetBlocks (@netblocks) February 8, 2024
واضح رہے کہ الیکشن سے ایک دن قبل پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے کہا تھا کہ الیکشن کے روز ملک میں کہیں بھی انٹرنیٹ سروس بند نہیں ہو گی۔