برطانیہ نے منگل کے روز لندن میں متعین اسرائیلی سفیر کو طلب کر کے ان سے غزہ میں امدادی تنظیم کے ارکان پر اسرائیلی حملے پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔
برطانیہ کے وزیر ترقی وافریقہ انڈریو میچل نے کہا ہے کہ ہم نے اسرائیلی سفیر کو برطانوی حکومت کی جانب سے ورلڈ سینٹرل کیچن نامی امدادی تنظیم کے سات رضاکاروں کی افسوسناک ہلاکت کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی۔ ان رضاکاروں میں تین برطانوی شہری بھی تھے۔
’’میں نے اسرائیل سے اس واقعے کی شفاف تحقیقات کے نتائج کو دنیا کے سامنے لانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اس کے ذمہ داروں کے خلاف ضروری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔‘‘
اُدھر برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ کیمرون نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ انہوں نے اس واقعے کے حوالے سے اپنے اسرائیلی ہم منصب اسرائیل کاٹز سے بات کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ اسرائیلی حملے کے نتیجے میں بے گناہ امدادی کارکنوں کی ہلاکتیں کسی طور قابل قبول نہیں ہیں۔
اپنی پوسٹ میں کیمرون نے مزید کہا ہے کہ اسرائیل جلد از جلد اس واقعے کی تفصیلات سامنے لاتے ہوئے اپنے طریقہ کار میں ایسی بڑی تبدیلیاں لائے جو میدان جنگ میں امدادی کارکنوں کی سلامتی کو یقینی بنائیں۔