امریکا اور برطانیہ نے یمن میں حوثی باغیوں کے مزید ایک درجن سے زیادہ ٹھکانوں پر فضائی حملے کئے ہیں۔
24 فروری کو مشترکہ طور پر جاری کردہ ایک بیان میں امریکا اور برطانیہ نے اعلان کیا کہ ان کی فوجی کارروائی میں یمن میں 8 مقامات پر حوثیوں کے 18 ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، اس میں زیر زمین ہتھیاروں اور میزائلوں کے ذخیرہ کرنے کی تنصیبات، فضائی دفاعی نظام، ریڈار اور ایک ہیلی کاپٹر پر حملے شامل ہیں۔
حوثیوں کے خلاف حالیہ حملہ 12 جنوری کے بعد سے امریکی اور برطانوی فوج کی چوتھی مشترکہ کارروائی تھی۔
امریکی سینٹرل کمانڈ نے اعلان کیا کہ حوثیوں کی جانب سے گذشتہ اتوار کو برطانوی بحری جہاز “روبیمار” کو نشانہ بنانے کے نتیجے میں بحیرہ احمر میں 18 میل تک تیل پھیل گیا۔
انہوں نے “ایکس” پلیٹ فارم پر ایک بیان میں مزید کہا کہ حوثیوں کے حملے سے تباہ ہونے والے جہاز میں 41ہزار ٹن کھاد ہے اور یہ ماحولیاتی تباہی کو مزید بڑھانے کا باعث بن سکتی ہے ۔