امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا ہے کہ ہم ان الزامات کو بہت سنجیدگی سے لیتے ہیں کہ بھارتی حکومت کا ایک اہلکار امریکا کی سرزمین پرسکھ رہنما گروپتونت سنگھ پنون کے قتل کی ”ناکام سازش“ میں ملوث تھا۔
اسرائیل کے دورے کے دوران دارالحکومت تل ابیب میں دوران گفتگو انٹونی بلنکن نے کہا کہ وہ اس معاملے پر تفصیلی تبصرہ نہیں کر سکتے کیونکہ یہ عدالت میں زیرغور ہے لیکن انہوں نے گروپتونت سنگھ پنون کو قتل کرنے کی مبینہ سازش کے بارے میں بھارت کی جانب سے شروع کی جانے والی تحقیقات کا خیر مقدم کیا۔
اعلیٰ امریکی سفارت کارنے صحافیوں کو بتایا کہ میں کہہ سکتا ہوں کہ یہ وہ معاملہ ہے، جسے ہم بہت سنجیدگی سے لیتے ہیں، گزشتہ ہفتوں میں ہم میں سے بہت سے لوگوں نے اسے براہ راست بھارتی حکومت کے ساتھ اٹھایا ، حکومت نے آج اعلان کیا کہ وہ تحقیقات کر رہی ہے اور مناسب نتائج دیکھنے کی منتظر ہے۔
امریکی محکمہ قانون نے بدھ 30 نومبرکو سکھ رہنما گرپتونت سنگھ کے قتل کی سازش میں 52 سالہ بھارتی شہری نکھل گپتا پر چارج شیٹ بھی عائد کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بھارتی حکومت کا اہلکاراس قتل کیلئے نکھل گپتا کو ہدایات دے رہا تھا اور اسی اہلکار نے کینیڈا میں سکھ رہنما نجار سنگھ کو قتل کروایا۔