امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے ایسے قانون پر دستخط کر دئیے ہیں جس کے تحت امریکی کمپنیوں کے ساتھ لین دین میں رشوت ستانی کے مرتکب بیرونی حکومتوں کے اہلکاروں کے خلاف مجرمانہ الزامات عائد کیے جا سکیں گے۔
غیر ملکی بھتہ خوری کی روک تھام کے نام سے نافذ کیے گئے اس قانون کے مطابق امریکہ کے وفاقی استغاثہ کو یہ اختیار حاصل ہو گا کہ وہ غیر ملکی حکومتوں کے ایسے حکام کے خلاف مجرمانہ الزامات عائد کر سکیں جو امریکی کمپنیوں سے رشوت طلب کرتے ہیں یا ان کی جانب سے دی گئی رشوت قبول کرتے ہیں۔
اس قانون کے تحت امریکی حکام کسی بھی بد عنوان غیر ملکی اہلکار کے خلاف الزامات دائر کر سکتی ہے جو کسی ایسی کمپنی یا فرد سے رشوت طلب کرتا ہے جو امریکہ میں کاروبار کرتی ہے۔
اس قانون میں بدعنوانی کے مرتکب پائے گئے افراد پر ڈھائی لاکھ ڈالرز تک جرمانے یا وصول کی گئی رشوت کی رقم سے تین گنا زائد رقم کے برابر جرمانے کی سزا کے ساتھ ساتھ 15 سال تک قید کی سزا بھی شامل ہے۔