امریکہ کی کئی ریاستیں اس وقت شدید طوفان کی لپیٹ میں ہیں اور اب تک 26 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ رواں ہفتے کے آخر میں طوفان کی شدّت میں اضافے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
کیساس ہائی وے پیٹرول نے بتایا ہے کہ جمعے کو شرمین کاؤنٹی میں دھول مٹّی کے طوفان کی وجہ سے آٹھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ طوفان کے باعث کم ازکم 50 گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔
حکام نے بتایا کہ میسوری میں کسی بھی دوسری ریاست کے مقابلے میں زیادہ اموات ریکارڈ کی گئیں جہاں کم از کم 12 افراد ہلاک ہوئے۔
ریاست ارکنساس میں حکام نے بتایا کہ طوفان کے دوران انڈیپینڈنس کاؤنٹی میں تین افراد ہلاک اور آٹھ کاؤنٹیوں میں 29 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
آرکنساس کی گورنر سارہ ہکابی سینڈرز نے ایکس پر لکھا کہ ’ہماری ٹیمیں گذشتہ رات کے طوفان سے ہونے والے نقصان کا سروے کر رہی ہیں اور مدد کے لیے اہلکار موجود ہیں۔
انہوں نے اور جارجیا کے گورنر برائن کیمپ نے ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کیا۔ برائن کیمپ نے کہا کہ وہ یہ اعلان اس لیے کر رہے ہیں کیونکہ سنیچر کو مزید طوفان کی پیشگوئی کی گئی ہے۔