امریکہ کی مشرقی ریاستیں ان دنوں طاقت ور موسم سرما کے طوفان کی زد میں ہیں۔
حکام نے آدھی ریاستوں میں شدید برف باری کی وارننگ جاری کردی ہے۔
امریکہ کی سات ریستوں میں تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے ہیں جبکہ متعدد ہوائی اڈوں پر پروازوں کو یا تو معطل کر دیا گیا ہے یا پھر پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔
امریکی ریاستوں میں برفانی طوفان کی وجہ سے درجہ حرارت منفی 29 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر چُکا ہے۔
امریکہ کی دو ریاستیں کنساس اور میسوری اس وقت برفانی طوفان کی وجہ سے سب سے زیادہ متاثر ہیں جہاں شدید برف باری اور کم سے کم درجہ حرارت کا گزشتہ ایک دہائی کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔
ان ریستوں سے ملحقہ چند علاقوں میں اتوار کی دوپہر سے اب تک 10 انچ تک برف پڑ چُکی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ریاست آرکنساس، لوزیانا اور ٹیکساس میں ممکنہ سمندری “طوفان کی بھی نگرانی” کی جا رہی تھی، جبکہ پہلے ریاست میسیپی کے لیے بھی اس کا انتباہ جاری کیا گیا تھا۔
کچھ علاقوں میں 40 میل فی گھنٹہ یخ بستہ ہوائیں چلنے اور 10 سالوں میں سب سے زیادہ 15 انچ سے زائد برف پڑنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
امریکہ کی ریاست کنساس کی ہائی وے پر ایک روز میں 50 ٹریفک حادثات ہوئے ہیں، جن میں 20 افراد زخمی ہوچکے جبکہ حکام نے لوگوں کو غیر ضروری سفر نہ کرنے کی ہدایت کردی ہے۔