صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ اور یوکرین کے حکام کے درمیان سعودی عرب میں ہونے والے مذاکرات کے مثبت نتائج کی امید ہے۔
صحافیوں سے بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ان کے خیال میں یوکرین معدنیات کے معاہدے پر دستخط کرے گا۔
صدر ٹرمپ نے یوکرین کا نام لیے بغیر کہا کہ وہ معدنیات سے متعلق معاہدے پر دستخط کریں گے۔ ان کے بقول ’’میں امن چاہتا ہوں جس کا انہوں نے مظاہرہ نہیں کیا جو کہ انہیں کرنا چاہیے۔‘‘
صدر ٹرمپ اور ان کے یوکرینی ہم منصب ولودومیر زیلنسکی کے درمیان وائٹ ہاؤس میں ہونے والی حالیہ تلخی کے بعد دونوں ملکوں کے حکام کے درمیان سعودی عرب میں یہ پہلی ملاقات ہو گی۔
سعودی عرب کی میزبانی میں منگل کو ہونے والی ملاقات میں روس یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے فریم ورک سمیت دیگر امور پر بات چیت متوقع ہے۔