اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزینوں (یو این آر ڈبلیو اے) کے ملازمین کے 7 اکتوبر کو حماس کے اسرائیلی اسرائیلی بستیوں اور فوجی اڈوں پر کیے گئے حملے میں ملوث ہونے کے اسرائیلی الزامات پر تقریباً دو ماہ تک جاری رہنے والی تحقیقات کے بعد جائزہ کمیٹی نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ ان الزامات کے بارے میں کوئی ثبوت نہیں ہے۔
فرانس کی سابق وزیر خارجہ کیتھرین کولونا کی سربراہی میں اقوام متحدہ کی جانب سے انروا کی غیر جانبداری کا جائزہ لینے کے لیے بنائی گئی کمیٹی کی رپورٹ میں کہا گیا کہ اسرائیل نے ابھی تک اپنے اس دعوے کی تائید کے لیے ثبوت فراہم نہیں کیے ہیں کہ اقوام متحدہ کے ادارے کے ملازمین کی بڑی تعداد دہشت گرد تنظیموں کے ارکان ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ اسرائیلی حکام نے مارچ میں انروا کے ملازمین کی فراہم کردہ فہرست کی بنیاد پر کھلے عام الزامات لگائے کہ ایجنسی کے ملازمین کی ایک بڑی تعداد دہشت گرد تنظیموں کے ارکان ہیں لیکن انہوں نے ان الزامات کے حوالے سے کوئی ثبوت فراہم نہیں کئے۔
سات اکتوبر کے حماس کے حملے میں انروا کے متعدد ملازمین کے ملوث ہونے کے اسرائیلی الزامات کے بعد امریکہ، کینیڈا، آسٹریلیا، برطانیہ، جرمنی، اٹلی اور دیگر سمیت کئی ملکوں نے فروری سے اقوام متحدہ کی ایجنسی کے لیے اپنی فنڈنگ روک دی ہے۔