انڈین ریاست اترکھنڈ میں مسافر بس گہری کھائی میں گرنے سے کم از کم 36 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
شمالی ریاست اترکھنڈ کے سینیئر حکومتی اہلکار نے بتایا کہ حادثے میں اب تک 36 ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ تین زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسپتال پہنچایا گیا ہے۔
مسافر بس اترکھنڈ کے شمالی علاقے گڑھوال سے رام نگر کو جا رہی تھی جس میں کم از کم 42 مسافر سوار تھے۔
ضلع کے ڈزاسٹر مینجمنٹ افسر ونیت پال کا کہنا ہے کہ حادثہ پیر کی صبح پیش آیا تھا اور تقریباً 8 بج کر 45 منٹ پر انتظامیہ کو اطلاع موصول ہوئی کہ ایک بس 150 میٹر گہری کھائی میں جا گری ہے۔
وزیراعلٰی کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں پوڑی اور الموڑا میں اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ افسر سے وابستہ چند افسران کو معطل کیا جا رہا ہے۔
وزیراعلٰی نے حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کے لیے 4 لاکھ جبکہ زخمیوں کے لیے ایک لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔
اس کے ساتھ ہی وزیر اعلیٰ نے کوماؤں ڈویژن کے کمشنر کو حادثے کی انکوائری کروانے کی ہدایت دی ہے۔