ایران کے صدارتی انتخاب میں پہلے مرحلے کے دوران کوئی بھی امیدوار 50 فی صد سے زائد ووٹ حاصل نہیں کر سکا تھا جس کے بعد اب زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے دو امیدواروں کے درمیان آج دوبارہ انتخابی مقابلہ ہو گا۔
دوسرے مرحلے میں مسعود پزشکیان اور سعید جلیلی مدمقابل ہیں ۔
مسعود پزیشکیان اصلاحات پسند اور سعید جلیلی انتہائی قدامت پسند سیاست دان ہیں، دونوں امیدواروں کو 40 فیصد ووٹ حاصل ہوئے ہیں تاہم مسعود پزشکیان کو معمولی سی برتری حاصل ہے۔
ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای نے عوام سے زیادہ سے زیادہ ووٹنگ میں حصہ لینےکی اپیل کی ہے۔
خامنہ ای نے کہا کہ صدارتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں ووٹنگ ٹرن آؤٹ توقع سے کم رہا، امید ہے کہ دوسرے مرحلے میں ووٹرز کی تعداد زیادہ اور مملکت کے لیے باعث فخر ہوگی۔
ایرانی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ 28 جون کو ہونے والے صدارتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں ووٹنگ ٹرن آؤٹ 40 فیصد رہا تھا۔
28 جون کےصدارتی انتخابات میں ووٹنگ ٹرن آؤٹ 1979 کے بعد سے سب سے کم تھا۔
واضح رہے کہ ایران میں صدارتی انتخاب آئندہ برس ہونا تھے تاہم گزشتہ ماہ صدر ابراہیم رئیسی کی ہیلی کاپٹر حادثے میں انتقال سے خالی ہونے والے عہدے پر انتخاب ہو رہا ہے، صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ اور آیت اللہ خامنہ ای کے ترجمان گزشتہ ماہ ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہو گئے تھے۔