ایران نے اسرائیل کے خفیہ ادارے ‘موساد’ کے لیے کام کرنے والے مبینہ ایجنٹ کو ہفتے کے روز پھانسی دے دی ہے۔
ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی ارنا کے مطابق کہ مبینہ اسرائیلی ایجنٹ کو ایران کے جنوب مشرقی صوبے سیستان بلوچستان کی زاہدان جیل میں پھانسی دی گئی ہے۔
ایران نے پھانسی دیے جانے والے شخص کا نام اور تفصیل جاری نہیں کی. البتہ اس پر غیر ملکی خفیہ اداروں خصوصاً اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد سے رابطوں کا الزام ہے۔
ایرانی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق مبینہ ملزم اپنے ساتھیوں کی مدد سے حساس معلومات جمع کر رہا تھا اور اس نے موساد سمیت غیر ملکی اداروں کو خفیہ دستاویزات بھی فراہم کی تھیں۔
ارنا نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزم نے ایران مخالف گروہوں اور تنظیموں کے لیے پروپیگنڈا کے مقصد کے لیے موساد کے افسر کو خفیہ دستاویزات فراہم کیں۔
یہ واضح نہیں ہے کہ ملزم کو کب حراست میں لیا گیا تھا۔ تاہم ارنا کا دعویٰ ہے کہ ملزم کی اپیل مسترد کر دی گئی تھی۔