ایران کے سرکاری میڈیا نے منگل کو رپورٹ کیا کہ ایران نے پاکستان کے اندر بلوچ عسکریت پسند گروپ جیش العدل کے دو ٹھکانوں کو میزائلوں سے ہدف بنایا ہے۔
ایران کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ جیش العدل کے دونوں ٹھکانے ڈرونز اور میزائل حملے میں تباہ ہو گئے ہیں۔
ایران کی جانب سے پاکستان میں دہشت گردوں کے اہداف پرحملے کا دعویٰ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب ایرانی وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہ اور پاکستان کے قائم مقام وزیراعظم انورککڑ نے ڈیووس میں ڈبلیو ای ایف کے موقع پرملاقات کی ہے۔
ایران کے اس دعوے پرپاکستان نے ابھی تک کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
ایرانی ریاست کی حمایت یافتہ ایجنسی نے پاکستان پر حملے کی خبر کو پبلش کرنے کے کچھ ہی دیر بعد اپنی ویب سائٹ اور تمام سوشل میڈیا سے حذف کر دیا ہے، ویب سائٹ پر پیغام میں کہا گیا ہے کہ “قانونی تحفظات کی وجہ سے خبروں کو روکا جا رہا ہے”۔