ایرانی عدالت نے 2023 کی نوبل انعام یافتہ انسانی حقوق کی کارکن نرگس محمدی کو سلاخوں کے پیچھے سے پروپیگنڈا کرنے کے الزام پر اضافی ایک سال سے زائد قید کی سزا سنا دی ہے۔
نرگس محمدی کے اہل خانہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ انقلابی عدالت نے نرگس محمدی کو ایک مقدمے کی سماعت کے بعد 15 ماہ اضافی قید کی سزا سنائی ہے۔
نرگس پر 2 سال تہران سے باہر جلاوطنی میں گزارنے کے حکم سمیت دو سال کی سفری پابندی اور اسمارٹ فون کے استعمال پر بھی پابندی ہوگی، یہ پابندیاں نرگس محمدی کی رہائی کے بعد نافذ العمل ہوں گی۔
ان کے اہل خانہ نے کہا ہے کہ مارچ 2021 سے یہ نرگس محمدی کی پانچویں سزا ہے، ان کی سزاؤں میں اب 12 سال اور تین ماہ قید، 154 کوڑے، دو سال کی جلاوطنی اور مختلف سماجی اور سیاسی پابندیاں شامل ہیں۔