ایشیا کپ 2023 کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے نیپال کو جیت کے لیے 343 رنز کا ہدف دے دیا۔
ملتان میں جاری ایشیا کپ کے پہلے میچ پاکستان نے نیپال کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
قومی ٹیم نےکپتان بابر اعظم اور افتخار احمد کی شاندار بیٹنگ کی بدولت نیپال کو 343 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا ہے۔
پاکستان نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو قومی ٹیم کے اوپنرز جلد ہی پویلین واپس لوٹ گئے، فخر زمان 14 رنز بناکر پویلین لوٹے جب کہ امام الحق 5 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے، اس موقع پر رضوان اور بابراعظم نے ذمہ داری سے بیٹنگ کی اور مجموعی اسکور 111 رنز پر پہنچادیا۔
رضوان 44 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو ان کے بعد آنے والے آغا سلمان 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے
اس موقع پر آنے والے بلے باز افتخار احمد نے کپتان کا بھرپور ساتھ دیا، بابر اعظم 151 رنز بنا کر آخری اوور میں آؤٹ ہوئے جب کہ افتخار احمد 71 گیندوں پر 109 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ناقابل شکست رہے۔
قومی ٹیم نے مقرر 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 342 رنز بنائے۔
نیپال کی جانب سے سومپل کامی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ کرن اور سندیپ لمیچا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی