اسپین کے وزیراعظم پیڈرو سانچیز کا کہنا ہے کہ ایکس کے مالک اور امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حمایتی ایلون مسلک کھلم کھلا ’ہمارے اداروں پر حملہ کرتے ہیں اور نفرت کو ہوا دے رہے ہیں۔
پیڈرو سانچیز نے ایلون مسک پر الزام لگایا کہ وہ ایک عالمی مخالف تحریک کو لیڈ کر رہے ہیں جو کھلم کھلا ہمارے اداروں پر حملہ کر رہے ہیں، نفرت کو بڑھاوا دے رہے ہیں اور جرمنی کے آنے والے الیکشن میں نازیوں کی باقیات کی حمایت کرنے پر زور دے رہے ہیں۔
ناروے کے وزیراعظم جوناس گہر ستورے نے بھی ایلون مسک کی جانب سے دیگر ممالک کے سیاسی معاملات میں مداخلت پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔
ایلون مسک نے جرمنی کے وسط مدتی انتخابات کے لیے انتہائی دائیں بازو کے ’الٹرنیٹیو فار جرمنی‘ پارٹی کی بڑی شدو مد سے حمایت کی ہے۔ایلون مسک اس جماعت کے سربراہ کے ساتھ جمعرات کو ایکس پر براہ راست سیشن کریں گے۔
دنیا کے امیرترین شخص نے برطانیہ کے وزیراعظم کیئر سٹارمر کو بھی ہٹانے پر زور دیا ہے۔
ایلون مسک نے برطانیہ میں انتہائی دائیں بازو کے ٹومی رابنسن کو بھی جیل سے رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔