Thursday, November 21, 2024, 6:15 PM
**جیوری نے ٹرمپ کو تمام 34 جرائم میں قصور وار قرار دے دیا **سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف ’ہش منی‘ کیس میں جیوری نے انہیں قصوروار قرار دیا ہے **فیصلے کے بعد صدر ٹرمپ نے ٹرائل کو غیر شفاف قرار دیا **جج متعصبانہ رویہ رکھتے تھے؛ ڈونلڈ ٹرمپ **اس فیصلے کے خلاف اپیل میں جائیں گے؛ ڈونلڈ ٹرمپ **فرد جرم میں ڈونلڈ ٹرمپ کو 34 الزامات کا سامنا تھا
بریکنگ نیوز
Home » ایک اور یورپی ملک سلووینیا نے بھی فلسطینی ریاست کو تسلیم کر لیا

ایک اور یورپی ملک سلووینیا نے بھی فلسطینی ریاست کو تسلیم کر لیا

فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کے حوالے سے پارلیمنٹ کا سیشن منگل کو شام 4 بجے ہو گا۔

by NWMNewsDesk
0 comment

یورپی ملک سلووینیا نے اسپین، آئرلینڈ اور ناروے کے نقش قدم پر چلتے ہوئے آزاد فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے فیصلے کی منظوری دے دی۔

وزیراعظم روبرٹ گولوب نے آج سلووینیا کے دارالحکومت لوبیانا میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سلووینیا کی حکومت نے آج فلسطین کو ایک آزاد اور خودمختار ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم روبرٹ گولوب نے غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان فوری طور پر دشمنی کے خاتمے اور یرغمال بنائے گئے تمام افراد کی رہائی کا بھی مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ امن کا پیغام ہے۔

سلووینیا کی حکومت نے دارالحکومت لوبیانا کے وسط میں واقع اپنی عمارت کے سامنے سلووینیا اور یورپی یونین کے جھنڈوں کے ساتھ فلسطینی پرچم لہرایا۔

banner

پارلیمنٹ کی اسپیکر اُرسکا کلاکوکار زوپانچ کا کہنا تھا کہ فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کے حوالے سے پارلیمنٹ کا سیشن منگل کو شام 4 بجے ہو گا۔

28 مئی کو اسپین، آئرلینڈ اور ناروے نے باضابطہ طور پر فلسطینی ریاست کو تسلیم کر لیا تھا جس پر اسرائیل نے سخت ردعمل دیتے ہوئے تینوں ممالک سے اپنے سفیروں کو واپس بلا لیا تھا۔

یورپی یونین کے 27 ارکان میں سے سویڈن، قبرص، ہنگری، جمہوریہ چیک، پولینڈ، سلوواکیہ، رومانیہ اور بلغاریہ پہلے ہی فلسطینی ریاست کو تسلیم کر چکے ہیں جبکہ مالٹا نے کہا ہے کہ وہ بھی جلد ان ممالک کی پیروی کرتے ہوئے فلسطینی ریاست کو تسلیم کر سکتا ہے۔

واضح رہے کہ یورپی ممالک کی جانب سے فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کا سلسلہ جاری ہے تاکہ غزہ میں بمباری روکنے کے لیے اسرائیل پر دباؤ بڑھایا جا سکے۔

7 اکتوبر کو سرحد پار سے حماس کی جانب سے کیے گئے حملے میں 11سو 60 افراد کی ہلاکت اور 250 سے زائد افراد کو یرغمال بنائے جانے کے بعد اسرائیل نے غزہ پر بلااشتعال بمباری کا سلسلہ شروع کیا تھا

7ماہ سے زائد عرصے سے جاری اس وحشیانہ بمباری میں اب تک 36ہزار سے زائد فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔

اسی طرح برطانیہ اور آسٹریلیا نے کہا ہے کہ وہ بھی فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے پر غور کر رہے ہیں لیکن فرانس نے کہا ہے کہ ابھی فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کا وقت نہیں آیا۔

اس کے برعکس جرمنی نے اسرائیل کے دیرینہ اتحادی امریکا کا ساتھ دیتے ہوئے موقف اپنایا ہے کہ دو ریاستی حل صرف بات چیت کے ذریعے ہی ممکن ہے جبکہ ڈنمارک کی پارلیمنٹ نے منگل کو فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے بل کو مسترد کر دیا تھا۔

مزید پڑھیے

مضامین

بلاگز

 جملہ حقوق محفوظ ہیں   News World Media. © 2024