پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم کو دوبارہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کا کپتان مقرر کردیا۔
پی سی بی کی جانب سے ’ایکس‘ پر جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی کی متفقہ تجویز کے بعد چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بابر اعظم کو قومی کرکٹ ٹیم کا وائٹ بال (ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی) کپتان مقرر کر دیا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے بورڈ کے فیصلے پر شاہین شاہ آفریدی کو اعتماد میں لیا اور انہیں مستقبل کے پلان کے حوالے سے بھی آگاہ کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے شاہین آفریدی کے بابر اعظم کے حوالے سے جو تحفظات تھے انہیں بھی دور کیا اور پھر کمیٹی کی متفقہ رائے کے بعد بابر اعظم کو دوبارہ کپتان بنانے کی تجویز پیش کی
یاد رہے کہ ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی دکھانے کے بعد 15 نومبر 2023 میں بابر اعظم نے تینوں فارمیٹس سے استعفیٰ دےدیا تھا، استعفے کے بعد پی سی بی نے ٹی 20 ٹیم کے لیے شاہین شاہ آفریدی کو کپتان مقرر کیا تھا۔
تاہم 25 مارچ کو پاکستان کرکٹ ٹیم کا کپتان ایک بار پھر تبدیل ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں اور آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے کے لیے شاہین آفریدی کو عہدے سے ہٹائے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ بابر اعظم نے ورلڈکپ سمیت 71 ٹی ٹوئنٹی میچز میں قومی ٹیم کی قیادت کی ہے، وہ 52 ٹیسٹ، 117 ون ڈے، 109 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔