برطانوی شہر یارکشائر کے ساحل کے قریب سمندر میں امریکی پرچم بردار آئل ٹینکر کنٹینرز سے لدے ایک بحری جہاز سے ٹکرا گیا۔
حادثے کے نتیجے میں آئل ٹینکر میں آگ بھڑکی تو شعلوں دیکھتے ہی دیکھتے دونوں جہازوں کو لپیٹ میں لے لیا۔
یہ حادثہ شمال مشرقی قصبے ویدرنسی کے قریب ہمبر ایسٹوری میں صبح 10 بجے سے کچھ دیر پہلے پیش آیا ہے۔
حکام کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے آئل ٹینکر کا نام اسٹینا امیکولیٹ ہے اور اس پر امریکی پرچم لہرا رہا تھا جب کہ بحری جہاز کا نام سولونگ تھا اور اس پر پرتگالی پرچم لہرا رہا تھا۔
پورٹ گرمسبے ایسٹ کے چیف ایگزیکٹیو نے بتایا کہ 32 افراد کو ساحل پر زخمی حالت میں لایا گیا جن کو طبی امداد کے لئے ایمبولینسز کے ذریعے قریبی اسپتال پہنچادیا گیا ہے۔
کیمیکل ٹینکر کی کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو ایرک ہانیل نے تصدیق کی ہے کہ حادثے میں عملے کے تمام افراد محفوظ ہیں۔
ایمرجنسی رسپانس دینے والی رائل نیشنل لائف بوٹ انسٹیٹیوشن نے کہا ہے کہ ’ایسی اطلاعات ہیں کہ ٹکر ہونے کے بعد عملے کے متعدد افراد نے جہازوں سے چھلانگ لگا دی تھی اور دونوں جہازوں کو آگ لگی ہوئی ہے۔