برطانیہ میں رائل ایئر فورس کے ایک سابق اڈّے میں اچانک خوفناک آگ بھڑک اُٹھی اور شعلے آسمان سے باتیں کرنے لگے۔
خوفناک آگ کو بجھانے کی کوشش میں دو فائر فائٹرز اور ایک عام شہری جان کی بازی ہار گئے۔
عینی شاہد نے بتایا کہ کم از کم ڈیڑھ گھنٹے تک جائے حادثہ سے دھماکوں کی آوازیں سنائی دیتی رہیں جیسے بجلی گرج رہی ہو۔
ایک اور عینی شاہد نے بتایا کہ ایسا لگتا تھا کہ عمارت کی چھت گر رہی ہے۔ فضا میں دھوئیں کی شدید بو اب بھی موجود ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ امدادی کاموں کے دوران دیگر 2 فائر فائٹرز شدید زخمی بھی ہوگئے جن کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
تاحال آتشزدگی کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا۔
واقعے کی تحقیقات کے لیے مقامی انتظامیہ نے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی۔
آس پاس کے گھروں کو رہائشیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا۔ بحالی کے کاموں میں ایک دن لگ سکتا ہے۔
واضح رہے کہ برطانوی رائل ایئر فورس کے سابق بیس کو اب مختلف کاروباری مقاصد کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔