پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بلو چستان کے مختلف اضلاع میں حالیہ بارشوں کے دوران ہو نے والے نقصانات اور واقعات سے متعلق رپورٹ جا ری کر دی۔
رپورٹ کے مطابق حالیہ بارشوں کے دوران گھروں کی چھتیں گر نے سمیت مختلف واقعات میں بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق ہوئے۔ ان افراد کا تعلق کیچ، خاران، بارکھان، پشین اور چمن سے ہے۔
پی ڈی ایم اے رپورٹ میں کہا گیا کہ حالیہ بارشوں کے دوران صوبے کے مختلف اضلاع میں 259 مکانات مکمل تباہ ہوئے، ایک ہزار 40 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا۔
بارشوں کے دوران 4 سڑکیں مکمل تباہ اور ایک پل سیلابی ریلے کی نظر ہوا۔ موسلادھار بارشوں کے دوران ماہی گیروں کی 80 کشتیاں بھی تباہ ہوئی ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کوئٹہ، چمن، زیارت، پشین، قلات، چاغی، سوراب، سبی ، نصیرآباد، مستونگ، نوشکی اور لورالائی سمیت دیگر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔