گزشتہ سال حکومت کا تختہ الٹنے میں کلیدی کردار ادا کرنے والے بنگلہ دیشی طلبہ نے ایک نئی سیاسی جماعت کا اعلان کر دیا ہے، جو متوقع انتخابات سے قبل میدان میں شامل ہونے والی تازہ ترین سیاسی جماعت ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس پارٹی میں اسٹوڈنٹس اگینسٹ ڈسپریشن (ایس اے ڈی) گروپ کے اہم منتظمین شامل ہیں، جنہوں نے اگست میں سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کو اقتدار سے بے دخل کرنے والی بغاوت کی قیادت کی تھی۔
نئی جاتیہ شہری پارٹی یا ’نیشنل سٹیزن پارٹی‘ نے پارلیمنٹ کے سامنے اپنے سفر کا آغاز کیا، جس میں ہزاروں حامیوں نے بنگلہ دیش کے قومی پرچم کے رنگوں سبز اور سرخ بندنے پہن رکھے تھے۔
عبوری حکومت کے سابق مشیر ناہید اسلام نئی سیاسی جماعت کے کنوینر کی حیثیت سے قیادت کر رہے ہیں، جب کہ اختر حسین سیکریٹری ہوں گے، ناہید اسلام نے کہا کہ نئی پارٹی جمہوری، مساوات پسند، عوامی پارٹی ہوگی۔
منتظمین نے ان واقعات کی عکاسی کرنے والی دستاویزی فلمیں بھی دکھائیں، جن کی وجہ سے شیخ حسینہ کی حکومت کا خاتمہ ہوا۔
حاضرین میں 37 سالہ محمد شاہین عالم بھی شامل تھے، جنہوں نے بغاوت کے دوران اپنے نوعمر بیٹے کو کھو دیا تھا۔
شاہین عالم نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ نئی پارٹی سوگوار خاندانوں کے لیے انصاف کو یقینی بنائے گی۔