سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ بگاڑنے والے بگاڑ کر چلے گئے، پاکستان کو دوبارہ پٹڑی پر ڈالنا جان جوکھوں کا کام ہوگا۔
نواز شریف نے مانسہرہ میں انتخابی جلسے سے خطاب کیا اور کہاکہ ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا اورسستی بجلی فراہم کی، لوگوں کو روزگار دیا سستی گیس فراہم کی، ہماری حکومت کو مدت پوری کرنے دی گئی ہوتی تواگلی حکومت بھِی ہماری ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں مہنگائی نہیں تھی ان ظالموں نے پاکستان کا ستیاناس کردیا، آج ہم دنیا میں بہت پیچھے رہ گئے ہیں، بہت عمدہ پاکستان چھوڑ کرگیا تھا، جن لوگوں نے بگاڑنا تھا وہ بگاڑ کر چلے گئے، پاکستان کودوبارہ پٹڑی پرلانا آسان کام نہیں، ملک کی دوبارہ تعمیرکرنا ہوگی۔
ان کا کہنا تھاکہ خیبرپختونخوا والوں آپ بھی اس جھوٹے شخص کے جھانسے میں آگئے، آپ نے اس جھوٹے شخص کو ووٹ دیا تھا، جن کی 10 سال خیبرپختونخوا کی حکومت رہی ہے انہوں نے کیا کیا؟ اگر نوازشریف کو جج نہ نکالتے تو مانسہرہ میں خوبصورت ائیرپورٹ ہوتا۔
"Nawaz Sharif successfully tackled load shedding, boosted employment, lowered gas and electricity costs, and built Metro and Orange Line projects." pic.twitter.com/h5Md7u9qQ3
— PMLN (@pmln_org) January 22, 2024
نوازشریف نے اعلان کیا کہ اب خیبرپختون خوا کوسنوارنے کا وقت آگیا ہے، مانسہرہ میں ائیرپورٹ بنائیں گے اور اللہ نے موقع دیا تومانسہرہ میں میڈیکل کالج بنائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خوشی ہورہی کے ہم دوبارہ ملے ہیں لیکن ملکی حالات دیکھ کر خوشی نہیں ہورہی، جن ہاتھوں سے موٹروے بنائی، جب وہ تیار ہوئی تو میں جیل میں تھا، اگر مجھے نہ ہٹایا جاتا تو اسلام آباد سے لے کر مانسہرہ اور مظفرآباد تک ٹرین چل رہی ہوتی۔
خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 15 مانسہرہ سے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔