بھارت میں ایک کتاب کے پبلشر نے ایران میں مذہبی حکومت کے بانی روح اللہ خمینی کا نام “دنیا کے سب سے شریر آدمیوں” میں درج کردیا۔
اس اقدام سے ہندوستان بھر کے مسلمانوں میں شدید غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی۔ شیعہ مسلک سے تعلق رکھنے والے افراد نے اسے اسلام کیخلاف نفرت کو فروغ دینے سے تعبیر کیا اور پبلشر کیخلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔
کتاب میں خمینی کے نام اور تصویر کے ساتھ ساتھ ان چند رہنماؤں کو بھی شامل کیا گیا ہے جنہیں کتاب “آمر اور جابر” قرار دیتی ہے۔ دیگر رہنماؤں میں سابق جاپانی شہنشاہ ہیروہیٹو، منگول چنگیزخان، شمالی کوریا کے پہلے رہنما کم ال سنگ اور سابق عراقی صدر صدام حسین بھی موجود تھے۔
اس کتاب کو شائع کرنے والے پبلشر اکیوبر بُکس انٹرنیشنل (Acuber Books International ) نے دہلی کے متعدد اسکولوں کے لیے کتاب شائع کی تھی۔ اس نے اپنی غلطی پر معذرت کرلی۔