بھارت کے زیر تسلط کشمیر میں ایک بار پھر انتخابات سے قبل بھارتی فوج پر حملہ ہوا ہے
رپورٹ کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ کے علاقے سورنکوٹ میں بھارتی فضائیہ کے کئی اہلکار مبینہ دہشتگردوں کی بھاری فائرنگ کی زد میں آگئے۔ اس حملے میں بھارتی فضائی کا ایک اہلکار جبکہ 5 زخمی ہوئے ہیں ۔
رپورٹ کے مطابق بھارتی فضائیہ کے اہلکار دو گاڑیوں میں سفر کر رہے تھے۔
فضائیہ کے قافلے پر شام 6 بج کر 15 منٹ پر اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ سورنکوٹ پولیس اسٹیشن کی حدود میں سنئی کے بیکربل محلہ کے پاس جرولی سے شاستر کی طرف جا رہا تھا۔
اس علاقے میں رواں سال بھارتی مسلح افواج پر یہ پہلا بڑا حملہ ہے، جو کہ عین انتخابات کے موقع پر ہوا ہے۔
حالیہ حملے کے بعد علاقے میں اضافی سیکورٹی فورسز بھیج دی گئی ہیں اور کارروائیاں جاری ہیں۔
حملے کے بعد لی گئی تصاویر میں فائرنگ کی زد میں آنے والی گاڑی کی ونڈ اسکرین پر گولیوں کے کم از کم ایک درجن سوراخ دکھائی دئے۔
مقامی راشٹریہ رائفلز یونٹ نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ گاڑیوں کو شاہستار کے پاس جنرل ایریا میں ہوائی اڈے کے اندر محفوظ کر دیا گیا ہے۔