بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ایودھیا میں رام مندر کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔
پیر کو رام مندر میں پرن پرتشتھا کے موقع پر آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھگوت سمیت کئی اعلیٰ شخصیات موجود تھیں۔
ریاست اتر پردیش کے شہر ایودھیا میں قائم کیے گئے رام مندر کو ہندو عقیدت مند ’رام کی جنم بھومی‘ قرار دیتے ہیں۔ افتتاحی تقریب میں اتر پردیش کے وزیرِ اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ بھی موجود تھے۔
وزیرِ اعظم مودی نے افتتاح کے بعد تقریب میں شریک تمام افراد کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب کے دوران فوج کے ہیلی کاپٹروں نے بھی گل پاشی کی۔
سیاسی رہنماؤں سمیت بالی وڈ کی کئی مشہور شخصیات مندر کی افتتاحی تقریب ‘پرن پرتشتھا’ میں شریک تھیں۔ پرن پرتشتھا وہ تقریب ہوتی ہے جس میں کسی مندر میں بھگوان کی مورتی کی رونمائی کی جاتی ہے۔
#WATCH | Prime Minister Narendra Modi at the Shri Ram Janmaboomi Temple in Ayodhya.#RamMandirPranPrathistha pic.twitter.com/q8TpjShaUw
— ANI (@ANI) January 22, 2024
جس مقام پر ‘رام للا’ کی 51 انچ کی مورتی نصب کی گئی ہے اسے ‘گربھ گرہ’ یعنی رام کی جائے پیدائش کہا جاتا ہے۔
مندر ٹرسٹ کے مطابق اس کے لیے سونے کے دروازے نصب کیے گئے ہیں جب کہ گجرات سے منگوائی گئی 108 فٹ لمبی دھوپ کی چھڑی روشن کردی گئی ہے۔
بھارتی سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ نے نو نومبر 2019 کو متفقہ فیصلے میں اپنے خصوصی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے بابری مسجد کی اراضی کو رام مندر کے لیے دے دیا تھا جس کے بعد مندر کی تعمیر کا راستہ ہموار ہوا تھا۔
واضح رہے کہ 1992 میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور وشو ہندو پریشد (ای ایچ پی) نے بھارت بھر سے لوگوں کو ایودھیا میں جمع کیا جنہوں نے بابری مسجد کو مسمار کر دیا تھا جس کے بعد جہاں متعدد بار ہندو مسلم فسادات ہوئے۔
انڈیا کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت کانگریس نے رام مندر کے افتتاح کو حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی اور اس کی نظریاتی سرپرست تنظیم ’راشٹریہ سویم سیوک سنگھ‘ کا سیاسی منصوبہ قرار دے کر اس میں عدم شرکت کا اعلان کیا ۔