شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس میں شرکت کے بعد بھارت کے وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر وطن واپس پہنچ گئے
انہوں نے اپنے دورہ پاکستان کے دوران بہترین مہمان نوازی پر حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔
وطن واپسی پر بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر نے ایس سی او اجلاس میں بہترین مہمان نوازی پر وزیر اعظم شہباز شریف اور نائب وزیر اعظم اسحٰق ڈار کا شکریہ ادا کیا۔
بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان کی کونسل کی صدارت پر کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر پاکستان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ کامیاب صدارت کے لیے بھارت اپنی مکمل حمایت کا اظہار کرتا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ آج ہم اس اجلاس میں ایک ایسے موقع پر مل رہے ہیں جب دنیا میں دو بڑےتنازعات جاری ہیں جن کے عالمی سطح پر اثرات مرتب ہو رہے ہیں، کووڈ19 کے وبائی مرض نے ترقی پذیر ممالک میں لوگوں پر تباہ کن اثرات مرتب کیے جبکہ موسمیاتی تبدیلیوں سے لے کر سپلائی چین کی غیر یقینی صورتحال اور مالیاتی اتار چڑھاؤ جیسی مختلف قسم کی رکاوٹیں ترقی کو متاثر کر رہی ہیں۔
انہوں نے قرض کو سنگین مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی وجہ سے دنیا اپنی پائیدار ترقی کے اہداف بھی حاصل نہیں کر سکی، ٹیکنالوجی بہت سے فوائد کی حامل ہے لیکن ساتھ ساتھ اس سے متعدد خدشات بھی وابستہ ہیں لہٰذا شنگھائی تعاون تنظیم ان چیلنجز سے کس طرح سے نمٹیں گے؟
9 سال کے وقفے کے بعد کسی بھی بھارتی وزیر خارجہ کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ تھا۔
اس سے قبل دسمبر 2015 میں اُس وقت کی وزیر خارجہ سشما سوراج نے افغانستان پر ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کے لیے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔