بھارت کے مقتول گلوکار سدھو موسے والا کی موت کے لگ بھگ دو برس بعد ان کے والدین کے ہاں اتوار کو بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔
سدھو موسے والا کے والدین بلکور سنگھ اور چرن سنگھ نے بیٹے کی پیدائش پر خوشی کا اظہار کیا۔
ان کے والد بلکور سنگھ کی طرف سے سوشل میڈیا پر شیئر کردہ پوسٹ میں نو مولود بچے کی تصویر بھی شیئر کی گئی ہے۔
بلکور سنگھ کا کہنا تھا کہ لاکھوں لوگوں کی دعاؤں سے موسے والا کا چھوٹا بھائی عطا ہوا ہے۔
پوسٹ میں بچے کی تصویر کے علاوہ کیک کی تصویر بھی شیئر کی گئی ہے جب کہ سدھو موسے والا کی تصویر بیک گراؤنڈ میں لگی ہوئی ہے۔
مقتول سدھو موسے والا اپنے والدین کے اکلوتے بیٹے تھے جب کہ ان کی والدہ کی عمر 58 سال اور والد کی عمر 60 برس ہے۔
سدھو موسے والا کے والدین آئی وی ایف ٹیکنیک کے ذریعے ایک بار پھر والدین بنے ہیں۔
وہ گزشتہ برس اس عمل کے لیے بیرون ملک بھی گئے تھے۔ اس وقت والدین نے درخواست کی تھی کہ یہ خبر اس وقت تک عام نہ کی جائے جب تک کہ یہ عمل کامیاب نہ ہو جائے۔