بھارت نے اپنے مغربی ساحل کے قریب تجارتی بحری جہاز ایم وی کیم پلوٹو پر مبینہ ڈرون حملے کے بعد 3جنگی بحری جہاز بحیرہ عرب میں تعینات کر دیئے ہیں۔
بھارتی بحریہ نے بحیرہ عرب میں تجارتی جہازوں پر حملوں کے خدشے کے پیش نظر نگرانی کے لیے پی ۔81 لانگ رینج پیٹرول ایئر کرافٹ ، اورگائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر آئی این ایس مورموگائو، آئی این ایس کوچی او ر آئی این ایس کولکتہ کو خطے میں تعینات کیا ہے۔
ایم وی کیم پلوٹو کے عملہ کے 21 ارکان کا تعلق بھارت اور ایک کا ویتنام سے ہے۔
بھارتی بحریہ کے دھماکہ خیز مواد کو ڈسپوزل ٹیم نے جہاز کے ابتدائی معائنے کے بعد اس پر ڈرون حملے کا عندیہ دیا ہے تاہم یہ بھی کہا ہے کہ مزید فرانزک اور تکنیکی تجزیے کے بعد حملے کے ویکٹر اور استعمال شدہ دھماکہ خیز مواد کی قسم اور مقدار کا تعین کیا جائے گا۔
اس حوالے سے پینٹاگون نے الزام عائد کیا تھا کہ بھارتی ساحل پر جاپان کے ملکیتی کیمیکل بردار تجارتی جہاز کو ایران سے فائر کیے گئے ڈرون نے نشانہ بنایا ہے تاہم ایران کی طرف سے اس الزام کی سختی سے تردید کی گئی ہے۔