شمالی بھارت میں لاکھوں افراد کی طرف سے منائے جانے والے ہندو مذہبی تہوار کے موقع پر ندیوں اور تالابوں میں نہاتے ہوئے کم از کم 46 افراد ڈوب گئے، جن میں زیادہ تر بچے ہیں۔
بہار کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مرنے والوں میں 37 بچے اور سات خواتین شامل ہیں جو بدھ کے روز مشرقی ریاست بہار کے 15 اضلاع میں مختلف واقعات میں نہاتے ہوئے ڈوب گئے۔
حکام کے مطابق ڈوبنے کے واقعات دریاؤں اور تالابوں میں اشنان کے دوران ہوئے، جہاں حالیہ سیلاب کے باعث پانی کی سطح بلند تھی۔
بہار میں جیوت پترکا کا تہوار مائیں اپنے بچوں کی حفاظت کے لیے مناتی ہیں، یہ تہوار ریاست اترپردیش ور جھارکھنڈ کے علاوہ نیپال میں بھی منایا جاتاہے۔
ڈوبنے کے واقعات اورنگ آباد، گوپال جنگ، سماستی پور، روہتاس، پٹنا اور وشالی سمیت بہار کے 15 اضلاع میں پیش آئے جن کے بعد ڈوبنے والوں میں سے 46 کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ مزید 3 افراد کی تلاش جاری ہے۔
بہار ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ریاستی حکومت نے ہر مرنے والے کے لواحقین کے لیےچار لاکھ روپے کے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔
تہوار کے دوران خواتین 24 گھنٹے کا برت رکھتی ہیں اور اپنے بچوں کی زندگی اور بھلائی کے لیے دعائیں مانگتی ہیں۔