انڈیا نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ انڈیا اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کے لیے تجارتی مراعات کی پیشکش کی تھی۔
انڈین وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں بتایا کہ ’پچھلے ہفتے پاکستان کے ساتھ کشیدگی کے وقت نئی دہلی کے حکام واشنگٹن کے ساتھ رابطے میں رہے، مگر تجارت کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی۔‘
نئی دہلی کی جانب سے صدر ٹرمپ کی ثالثی کی پیشکش کی بھی تردید کی گئی ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے مزید کہا کہ ’جموں و کشمیر کے حوالے سے ہم یہ دیرینہ مؤقف رکھتے ہیں کہ اس (مسئلے) کو انڈیا اور پاکستان کو دو طرفہ طور پر حل کرنا چاہیے اور اس پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔‘
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واشنگٹن میں پیر کو صحافیوں کو بتایا تھا کہ انہوں نے جنگ روکنے کے لیے دونوں ممالک کو تجارت کی پیشکش کی تھی۔
انہوں نے کہا تھا کہ ’ہم آپ کے ساتھ بہت تجارت کرنے جا رہے ہیں، اس لیے جنگ روک دیں، اگر آپ ایسا کریں گے تو ہم آپ کے ساتھ تجارت کریں گے۔ اگر ایسا نہیں ہو گا تو تجارت بھی نہیں ہو گی۔‘
خیال رہے کہ انڈیا کے زیرانتظام کشمیر کے علاقے پہلگام میں سیاحوں پر حملے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان شدید کشیدگی پیدا ہوئی اور انڈین حملوں کے جواب میں پاکستان نے بھی انڈیا کے کئی مقامات پر حملے کیے۔