ترک صدر رجب طیب اردوان نے برادر پاکستانی قوم کی حمایت کا واضح اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت میں جنگ بندی پر خوشی ہے جب کہ پانی سمیت تمام مسائل کے آسان حل کے خواہاں ہیں۔
ترک صدر رجب طیب اردوان نے کابینہ سے خطاب میں کہا ہم نے کشمیر میں وحشیانہ دہشت گرد حملے اور پاکستان پر میزائل حملوں پر واضح موقف دیا، دونوں ممالک کے درمیان انتہائی خطرناک تناؤ کو کم کرنے کے لیے انتھک کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ میں نے وزیراعظم شہباز شریف کو ٹیلی فون کیا اور ان سے انتہائی اہم معاملات پر گفتگو ہوئی، پاکستانی بھائیوں کو ان کے صبر وتحمل اور دانشمندانہ موقف پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
ترکیہ کے صدر نے مشورہ دیا کہ اشتعال انگیزی میں نہ آئیں اور خواہاں ہیں کہ جنگ بندی سے قائم پرسکون ماحول پانی سمیت تمام مسائل کا حل آسان بنائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی پر ہمیں خوشی ہے، ترکیہ برادر پاکستانی قوم کے ساتھ اچھے اور برے وقت میں کھڑا رہے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز، وزیراعظم ہاؤس میں ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوعلو سے ملاقات کے دوران شہباز شریف نے پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی پر صدر رجب طیب اردوان کا شکریہ ادا کیا تھا۔