ترکیہ کے جنوبی صوبے اناطولیہ میں کیبل کار کی کیبن ٹوٹے ہوئے کھمبے سے ٹکرانے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور 10 دیگر زخمی ہو گئے۔
وزارت داخلہ نے بتایاکہ جمعہ کی شام 5بجکر 23 منٹ پر حادثہ پیش آنے کے بعد 24 کیبن کار ہوا میں پھنسی ہوئی تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ واقعے کو 16 گھنٹے گزرنے کے بعد بھی 60 سے زیادہ لوگ اب بھی ہوا میں معلق ہیں اور باقی نو کیبن کاروں میں پھنسے ہوئے ہیں البتہ بقیہ 112 لوگوں کو بچا لیا گیا۔
ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین اوکے میمس نے جائے حادثہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا جن لوگوں کو بچایا جانا باقی ہے ان میں سے کسی کو بھی شدید چوٹیں نہیں آئیں اور نہ ہی ان کی صحت خراب ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے مطابق وزارت داخلہ نے بتایا کہ 7 ہیلی کاپٹر اور 500 سے زیادہ امدادی کارکن امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
وزارت داخلہ کی طرف سے جاری کردہ ایک ویڈیو میں ریسکیو اہلکاروں کو حفاظتی رسیوں سے بندھے کیبنوں میں چڑھتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
وزارت داخلہ کی ویب سائٹ پر دی گئی معلومات کے مطابق کیبل کار میں 36 کیبن ہیں جن میں سے ہر ایک میں چھ افراد کی گنجائش ہے، اور اناطولیہ شہر کے خوبصورت مناظر کا نظارہ کرتے ہوئے ٹونیکٹیپ سہولت تک اوپر جانے میں اوسطاً 9 منٹ لگتے ہیں۔